بلوچستان کے ضلع نصیرآباد کے علاقے نوتال میں نامعلوم مسلح افراد نے تعمیراتی کمپنی کے دو ایکسیویٹر ڈرائیورز کو اغواء کرلیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ نوتال تھانے کی حدود میں ربی کینال صوفی واہ کے مقام پر پیش آیا، جہاں جدید اسلحے سے لیس مسلح افراد نے تعمیراتی کام میں مصروف ڈرائیورز عاشق علی محمد حسنی اور شکیل احمد کورائی کو اسلحے کے زور پر اغواء کر کے نامعلوم مقام کی جانب لے گئے۔
ذرائع کے مطابق مسلح افراد مغویوں کو لے جانے کے بعد ایکسیویٹر موقع پر ہی چھوڑ گئے، جس کے باعث علاقے میں جاری تعمیراتی سرگرمیاں معطل کر دی گئیں۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور مغویوں کی بازیابی کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
دوسری جانب، خاران کے علاقے برشونکی سے جمعہ کے روز اغواء ہونے والے سابق ڈسٹرکٹ چیئرمین اور نیشنل پارٹی کے رہنما میر صغیر بادینی بازیاب ہوگئے ہیں۔



















































