انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی میں پیر کی شام لال قلعے کے قریب ایک کار میں ہونے والے دھماکے میں متعدد افراد مارے گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز نے پولیس ترجمان کے حوالے سے بتایا ہے کہ دھماکے میں کم از کم آٹھ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
ترجمان کے مطابق دھماکہ لال قلعہ کے گنجان آباد علاقے میں ایک کار میں ہوا۔ انڈین ٹی وی چینلز کے مطابق دارالحکومت کے ساتھ ساتھ ممبئی میں بھی ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق ایل این جے پی ہسپتال کے میڈیکل سپرینٹنڈنٹ کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد ہسپتال لائے گئے آٹھ افراد دم توڑ چکے تھے۔
دہلی پولیس کمشنر ستیش گولچہ نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ یہ دھماکہ مقامی وقت کے مطابق 18:52 بجے پیش آیا جب ایک سست رفتار گاڑی پھٹنے سے پہلے ریڈ سگنل پر رک گئی جس سے قریبی گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ انھوں نے کہا کہ کچھ لوگ اس دھماکے میں مر گئے ہیں اور کچھ زخمی ہوئے ہیں۔ تاہم انھوں نے ہلاکتوں کی تعداد نہیں بتائی۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ دھماکے کی وجوہات کی تفصیلات کا ابھی تک پتہ نہیں چلا ہے۔
دلی کے ڈپٹی فائر چیف کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ آگ میں کم از کم چھ گاڑیاں اور تین آٹو رکشہ پھنس گئے ہیں۔ مقامی میڈیا کی خبروں کے مطابق اس دھماکے میں کم از کم 11 افراد زخمی ہوئے ہیں۔



















































