جبری لاپتہ نوجوان سلمان بلوچ کی گمشدگی کو تین سال مکمل ہونے پر ان کے اہلِ خانہ نے احتجاجی ریلی اور سوشل میڈیا مہم کا اعلان کیا ہے۔
اہلِ خانہ کے مطابق، 8 نومبر کو سہ پہر 3 بجے شہید پروفیسر عبدالرزاق چوک، خضدار سے احتجاجی ریلی نکالی جائے گی جس میں سیاسی و سماجی کارکن، طلبہ، وکلا، صحافی اور عام شہری شرکت کریں گے۔ ریلی کا مقصد سلمان بلوچ سمیت تمام جبری لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے آواز بلند کرنا ہے۔
اہلخانہ کا کہنا ہے کہ سلمان بلوچ کو 13 نومبر 2022 کو کوئٹہ سے جبری طور پر لاپتہ کیا گیا تھا اور تین برس گزر جانے کے باوجود ان کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔
ان کے مطابق، عدالتوں، کمیشنوں اور حکومتی اداروں سے متعدد بار رجوع کرنے کے باوجود کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔
سلمان بلوچ کے اہلِ خانہ نے خضدار کے تمام مکاتبِ فکر سے اپیل کی ہے کہ وہ ریلی میں بھرپور شرکت کریں اور انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف اپنی آواز بلند کریں۔
اہلخانہ کا کہنا ہے کہ خضدار میں احتجاجی ریلی کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بھی ایک آن لائن مہم چلائی جائے گی۔
















































