ترک کارگو طیارہ جارجیا میں گر کر تباہ، 20 فوجی ہلاک

9

ترکی کی وزارت دفاع نے بدھ کو بتایا کہ گذشتہ روز جارجیا میں گر کر تباہ ہونے والے اس کے فوجی کارگو طیارے کے حادثے میں 20 فوجی ہلاک ہوگئے۔

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ترک وزارت دفاع نے بدھ کی صبح یہ بیان جاری کیا۔

اس سے قبل منگل کو ترک وزارت دفاع نے بتایا تھا کہ اس کا ایک فوجی کارگو طیارہ، جس میں عملے سمیت 20 افراد سوار تھے، آذربائیجان سے وطن واپس آتے ہوئے جارجیا میں گر کر تباہ ہو گیا۔

وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ’ہمارا سی 130 فوجی کارگو طیارہ، جس نے آذربائیجان سے وطن واپسی کے لیے اڑان بھری تھی، جارجیا آذربائیجان کی سرحد پر گر کر تباہ ہو گیا۔‘

بیان کے مطابق ’طیارے میں عملے سمیت 20 اہلکار سوار تھے۔‘ حادثے کے بعد ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں۔

آذربائیجانی میڈیا میں گردش کرنے والی ایک ڈرامائی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جہاز تیزی سے گر رہا ہے اور اس کے دونوں کونوں سے دھواں نکل رہا ہے۔ ایک اور فوٹیج میں جہاز کے ملبے سے سیاہ دھواں اور آگ کے شعلے اٹھتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں۔

ترکی کی وزارت دفاع نے میڈیا سے کہا ہے کہ وہ حادثے کی تصاویر شائع نہ کریں۔

جارجیا کی وزارت داخلہ نے تصدیق کی کہ طیارہ آذربائیجان کے ساتھ ’جارجیا کی ریاستی سرحد سے تقریباً پانچ کلومیٹر دور سکھناگے کے علاقے میں گرا۔

جارجیا کی ساکیروناویگیٹسیا ایئر ٹریفک کنٹرول سروس نے کہا کہ طیارہ جارجیا کی فضائی حدود میں داخل ہونے کے فوراً بعد ریڈار سے غائب ہو گیا اور اسے ہنگامی خدمات کی جانب سے حادثے کے بارے میں الرٹ کر دیا گیا تھا۔

اس نے ایک بیان میں کہا ’ایک ترک سی 130 طیارہ جارجیا کی فضائی حدود میں داخل ہونے کے چند منٹ بعد ساکیروناویگیٹسیا کے ریڈار سے غائب ہو گیا۔‘

C-130 ہرکولیس ملٹری کارگو طیارہ امریکی مینوفیکچرر لاک ہیڈ مارٹن کا تیار کردہ ہے۔