تربت: ملٹری انٹیلیجنس کے دفتر پر حملہ، دھماکہ اور فائرنگ

209

مسلح افراد نے پاکستانی ایم آئی کے دفتر کو فائرنگ اور بم حملے کا نشانہ بنایا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع کیچ کی تحصیل تربت میں دھماکے اور فائرنگ کی شدید آوازیں سنائی دیں، پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ جائے وقوعہ اور ممکنہ نقصانات کا تعین کیا جارہا ہے۔

ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے شہر میں قائم پاکستان ملٹری انٹیلیجنس کے دفتر کو نشانہ بنایا، جہاں سے شدید فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔

واقعے کے بعد شہر میں بڑی تعداد میں پاکستانی فورسز اور پولیس نے آمدورفت کے راستوں کو سیل کر دیا ہے، جبکہ حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پاکستانی فورسز، پولیس اور دیگر اداروں سمیت سرکاری تنصیبات اور ریلوے ٹریک پر 22 سے زائد حملے اور ناکہ بندیاں رپورٹ ہوئی ہیں۔

تربت میں ایم آئی دفتر پر حملے کے حوالے سے حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت، ہلاکتوں یا زخمیوں کے بارے میں معلومات جلد جاری کی جائیں گی۔