بولان میڈیکل کالج میں ہراسگی کے واقعے پر محکمہ صحت بلوچستان نے فوری انکوائری کی ہدایت جاری کردی ہے۔
بولان میڈیکل کالج کوئٹہ میں فیکلٹی ممبر کی جانب سے طالبہ کو ہراساں کرنے کے مبینہ واقعے پر محکمہ صحت بلوچستان نے نوٹس لیتے ہوئے فوری اور شفاف انکوائری کا حکم دیا ہے۔
اس سلسلے میں 13 نومبر 2025 کو محکمہ کی جانب سے پرنسپل بولان میڈیکل کالج کو باضابطہ خط جاری کیا گیا ہے۔
محکمہ صحت کی جانب سے جاری خط میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی رپورٹس کے مطابق ایک فیکلٹی ممبر پر ایک طالبہ کو ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے، خط کے ساتھ واقعے سے متعلق ابتدائی معلومات کی کاپی بھی منسلک کی گئی ہے۔
محکمہ صحت نے پرنسپل بولان میڈیکل کالج کو ہدایت کی ہے کہ وہ واقعے کی مکمل، غیر جانب دار اور فوری انکوائری کریں اور تین دن کے اندر انکوائری رپورٹ بمعہ واضح سفارشات محکمہ صحت کو ارسال کریں تاکہ مزید کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
خط میں مزید واضح کیا گیا ہے کہ معاملہ نہایت سنگین نوعیت کا ہے، لہٰذا اسے انتہائی اہمیت اور ہنگامی بنیادوں پر نمٹایا جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بولان میڈیکل کالج کے طلبہ نے انتظامیہ کی جانب سے ہراسگی کے واقعات اور ادارے میں سہولیات کی عدم فراہمی کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کیا تھا۔
طلبہ نے اس دوران مطالبہ کیا ہے کہ انھیں محفوظ تعلیمی اور ہاسٹل ماحول فراہم کیا جائے، ویوا پیٹرن میں اصلاحات کی جائیں اور غیر مناسب رویہ رکھنے والے افراد کا احتساب کیا جائے۔

















































