بلوچستان کے علاقے بلیدہ جاڑین سے چار نوجوانوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ جاں بحق نوجوانوں کی شناخت ذاکر ولد عبداللہ، رزاق ولد عبداللہ، صادق اور پیرجان کے ناموں سے ہوئی ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق تین نوجوان زِردان کوچہ بلیدہ کے رہائشی تھے، جبکہ ایک نوجوان کا تعلق بٹ کورے پشت جاڑین بازار سے بتایا جا رہا ہے۔
اہلِ علاقہ کے مطابق یہ نوجوان تقریباً ایک ہفتہ قبل پکنک منانے گئے تھے اور اسی دن سے ان کے موبائل فون بند تھے۔
ان کے اہلخانہ نے سوشل میڈیا پر متعدد پوسٹس کے ذریعے عوام سے مدد کی اپیل کی تھی۔ تاہم آج اطلاع ملی کہ چاروں دوستوں کی لاشیں جاڑین کے پہاڑی علاقے سے ملی ہیں، جو بُری طرح مسخ شدہ حالت میں تھیں۔
ذرائع کے مطابق متاثرہ نوجوانوں کی موٹر سائیکلیں بھی جلائی گئی ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی لواحقین اور مقامی افراد نعشوں کو وصول کرنے کے لیے پہاڑی علاقے کی جانب روانہ ہوگئے ہیں۔


















































