بلوچستان میں امن و حکومتی رٹ نہیں، دعوے بے بنیاد ہیں۔ اسد اللہ بلوچ

6

بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی) کے سربراہ اور صوبائی اسمبلی کے رکن اسد اللہ بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن و امان نام کی کوئی چیز نہیں ہے اور نہ ہی حکومتی رٹ موجود ہے۔ حکومت کے ارکان جو امن و امان کے حوالے سے دعوے کر رہے ہیں، وہ بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہیں۔ اگر واقعی صوبے میں امن و امان ہوتا، تو ہر طرف لاشیں گرنے کے واقعات کہاں پیش ہوتے؟ حکومت کو اس مسئلے پر سنجیدگی سے اقدامات کرنے چاہئیں اور امن کی بحالی کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ بی این پی عوامی واحد جماعت ہے جو دیگر اپوزیشن کی نسبت اسمبلی فلور پر عوام کے حق میں آواز بلند کر رہی ہے۔

یہ بات انہوں نے صوبائی اسمبلی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

اسد اللہ بلوچ نے کہا کہ “میں کچھ اجلاسوں میں اس لیے غیر حاضر رہا کہ عمرے پر گیا تھا، لیکن میں نے کبھی بھی اسمبلی سیشن کو نظر انداز نہیں کیا۔ اسمبلی ہی وہ واحد پلیٹ فارم ہے جہاں ہم عوامی مسائل اٹھاتے ہیں۔ حکومت کی جانب سے جو امن و امان کے حوالے سے بیانات دیے جا رہے ہیں، وہ صرف میڈیا تک محدود ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ اس وقت بلوچستان میں امن و امان اور حکومتی رٹ نام کی کوئی چیز موجود نہیں۔ ہر طرف لاشیں گر رہی ہیں اور بم دھماکے معمول بن چکے ہیں۔ حکومت بتائے کہ کس علاقے میں امن و امان ہے اور عوام سکون سے زندگی گزار رہے ہیں؟ ہر شخص کے چہرے پر پریشانی واضح ہے، جو یہ ثابت کرتی ہے کہ بلوچستان میں دھماکوں اور ہلاکتوں کے علاوہ کچھ نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ “حکومتی ارکان اگر امن و امان کے حوالے سے دعوے کرتے ہیں، تو انہیں عملی اقدامات بھی کرنے چاہئیں تاکہ عوام کو یقین ہو جائے کہ حکومت نے واقعی کچھ کیا ہے۔