بلوچستان: مختلف حادثات میں 6 افراد جاں بحق، 8 زخمی

16

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آج پیش آنے والے تین المناک ٹریفک حادثات میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 8 دیگر زخمی ہو گئے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق مکران کوسٹل ہائی وے کے قریب کنڈ ملیر کے مقام پر گیس بوزر اور مسافر کوچ میں خوفناک تصادم کے بعد آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں 4 افراد جھلس کر جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے۔ حادثہ کنڈ ملیر سے توڑاہ آگے نلی اوترائی کے مقام پر پیش آیا۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور ایدھی ایمبولینسز نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں کیں اور لاشوں و زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا۔

دوسرا حادثہ قلات کے علاقے سنگداس کے قریب قومی شاہراہ پر پیش آیا، جہاں ایک کار اور موٹر سائیکل میں تصادم کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 2 شدید زخمی ہو گئے۔ ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال قلات منتقل کیا، جبکہ پولیس نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

تیسرا واقعہ گوٹھ بکھیڑا، سردار رستم خان جمالی کے علاقے میں پیش آیا، جہاں اسکول کی چھٹی کے وقت رکشہ الٹنے سے چار معصوم طالبات زخمی ہو گئیں۔ زخمیوں کو سول اسپتال اوستہ محمد منتقل کیا گیا، جبکہ ایک بچی کو حالت نازک ہونے پر لاڑکانہ ریفر کیا گیا۔