بلوچستان حکومت نے صوبے بھر میں سیکورٹی خدشات کے پیش نظر 30 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی ہے۔
سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق دفعہ 144 کے تحت صوبے بھر میں اسلحہ کی نمائش، جلسے جلوس، دھرنے اور پانچ سے زائد افراد کے اکٹھے ہونے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
حکومتی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے، جبکہ احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
دوسری جانب، بلوچستان کے مختلف علاقوں میں مواصلاتی سروسز پر بھی اثرات دیکھنے میں آرہے ہیں، مستونگ میں انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر معطل ہے، جبکہ کوئٹہ میں انٹرنیٹ سروس کی بحالی کے بعد ایک بار پھر معطلی کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔


















































