انڈیا کے زیرانتظام کشمیر کے پولیس سٹیشن میں دھماکہ، سات افراد ہلاک

39

انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر کے ایک پولیس سٹیشن میں ضبط شدہ بارودی مواد کے بڑے ذخیرے میں دھماکے کے نتیجے میں کم از کم سات افراد ہلاک جبکہ 27 زخمی ہو گئے ہیں۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق این ڈی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ دھماکہ سرینگر کے مضافات میں موجود نوگام پولیس سٹیشن میں ہوا۔

ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر پولیس اہلکار اور فرانزک ٹیم کے ارکان شامل ہیں جو پولیس سٹیشن میں ذخیرہ کیے گئے بارودی مواد کا معائنہ کر رہے تھے۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے کیونکہ 27 زخمیوں میں سے پانچ کی حالت تشویشناک ہے۔

دھماکے کی وجہ کا فوری طور پر تعین نہیں ہو سکا۔ جموں و کشمیر پولیس نے اس حوالے سے روئٹرز کی تبصرے کی درخواست کا فوری جواب نہیں دیا۔

اس سے قبل ایک مقامی پولیس اہلکار نے روئٹرز کو بتایا تھا کہ دھماکے نے نوگام پولیس سٹیشن کو ہلا کر رکھ دیا جس کے بعد کمپاؤنڈ میں آگ بھڑک اُٹھی۔ فائر بریگیڈ موقع پر پہنچ گئی، جبکہ جانی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا گیا۔

یہ دھماکہ نئی دہلی میں ہونے والے ایک مہلک کار دھماکے کے چار دن بعد ہوا ہے، جس میں کم از کم آٹھ افراد مارے گئے تھے۔ انڈیا نے اس واقعے کو دہشت گردی قرار دیا تھا۔