کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس کی آمد و رفت 4 روز کے لیے معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ جعفر ایکسپریس کی آمد و رفت 9 نومبر سے 12 نومبر تک معطل رہے گی۔
ٹرین کی معطلی کا فیصلہ سکیورٹی خدشات کی بنا پر کیا گیا ہے۔
حکام پاکستان ریلوے کے مطابق جعفر ایکسپریس 8 نومبر بروز ہفتہ مقررہ وقت پر پشاور کے لیے روانہ ہو گی۔
واضح رہے بلوچ آزادی پسند تنظیموں کے مطابق پاکستانی فورسز کے اہلکار جو پنجاب اور خیبر پختونخوا سے بلوچستان میں تعینات کیے گئے ہیں ٹرین سروسز کو بطور سفری ذریعہ استعمال کرتے ہیں اور یہی ٹرین سروسز مسلسل بلوچ آزادی پسندوں کے حملوں کا نشانہ بنتی رہی ہیں۔
رواں سال جعفر ایکسپریس کو تیرہ سے زائد حملوں میں نشانہ بنایا جاچکا ہے جن میں سے اکثریت کی ذمہ داری بلوچ ریپبلکن گارڈز (بی آر جی) قبول کرچکی ہے جبکہ رواں سال مارچ میں بلوچ لبریشن آرمی نے ایک حملے میں کوئٹہ سے پشاور بذریعہ لاہور جانے والی جعفر ایکسپریس کو کئی روز تک اپنے قبضے میں رکھنے اور اس دوران 200 سے زائد پاکستانی فورسز اہلکاروں کی ہلاکت کا اعلان کیا تھا۔



















































