سابق امریکی نائب صدر ڈک چینی کا چوراسی برس کی عمر میں انتقال

20

امریکہ کے سابق نائب صدر ڈک چینی 84 برس کی عمر میں اتقال کر گئے ہیں۔ سخت گیر حد تک قدامت پسند ڈک چینی کو امریکی تاریخ کے سب سے زیادہ طاقت ور اور سب سے زیادہ داخلی سیاسی تقسیم کا باعث بننے والے نائب صدور میں سے ایک قرار دیا جاتا تھا، جنہوں نے صدر صدام حسین کی حکومت کے خلاف عراق میں امریکی فوجی مداخلت کی بھی بھرپور حمایت کی تھی۔

ڈک چینی کے خاندان کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق سابق نائب صدر کا انتقال پیر اور منگل کی درمیانی رات نمونیا، دل اور دوران خون کے عوارض کی وجہ سے پیدا ہونے والی طبی پیچیدگیوں کے باعث ہوا۔ ان کی عمر 84 برس تھی۔

ان کے خاندان کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا، ’’ڈک چینی نے عشروں تک امریکی قوم کے لیے خدمات انجام دیں، جس دوران وہ وائٹ ہاؤس کے چیف آف اسٹاف بھی رہے، ریاست وائیومنگ سے امریکی کانگریس کے رکن بھی، امریکہ کے وزیر دفاع بھی اور پھر ملکی نائب صدر بھی۔

ڈک چینی نے ایک سرکردہ سیاستدان کے طور پر ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے دو مختلف امریکی صدور کے ساتھ بھی کام کیا تھا۔ صدر جارج بش سینئر کے دور میں وہ اس وقت امریکی وزیر دفاع تھے، جب خلیج فارس کی جنگ ہوئی تھی۔ اس کے بعد بش سینئر کے بیٹے اور صدر جارج ڈبلیو بش کے دور میں وہ امریکی نائب صدر کے عہدے پر فائز تھے۔