بلوچستان ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے تمام ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ 12 سے 14 نومبر 2025 تک بلوچستان بھر میں ٹرانسپورٹ بسوں کی تمام خدمات معطل رکھیں۔
اتھارٹی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ فیصلہ ہوم ڈیپارٹمنٹ اور ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے موصول ہونے والے خطوط کی روشنی میں کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام صوبے میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر کیا جا رہا ہے۔
صوبائی ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے تمام سیکرٹریز اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ اعلیٰ حکام کے احکامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں۔ مزید کہا گیا ہے کہ اس معاملے کو “فوری” اور “انتہائی اہم” تصور کیا جائے۔
ذرائع کے مطابق 13 نومبر کو یوم شہدا بلوچستان کی مناسبت سے مسلح تنظیموں کے حملوں کے پیش نظر حکومت نے یہ اقدامات اٹھائے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل کئی مرتبہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر بلوچستان میں پبلک ٹرانسپورٹ کو بند کیا گیا ہے ۔



















































