گوادر پانی کی عدم فراہمی پر عوام کا شدید احتجاج، کوسٹل ہائی وے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند
گوادر، کلدان تحصیل سنٹسر میں گزشتہ تین ماہ سے پانی کی عدم دستیابی پر عوام سڑکوں پر نکل آئے۔ خواتین، بچے اور بزرگ شہریوں نے احتجاجاً کوسٹل ہائی وے کو کلدان کراس کے مقام پر ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ وہ تین مہینوں سے پیاس کی اذیت میں مبتلا ہیں اور بارہا محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور ضلعی انتظامیہ سے پانی کی فراہمی کی درخواستیں کر چکے ہیں، لیکن اب تک کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔
احتجاجی مظاہرین نے واضح کیا کہ جب تک علاقے میں پانی کی ترسیل بحال نہیں کی جاتی، وہ کوسٹل ہائی وے کو کھولنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
احتجاج میں شریک عوام نے حکومت بلوچستان اور ضلعی انتظامیہ گوادر سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔