کولواہ اور خاران سے لیویز اہلکار سمیت دو افراد جبری لاپتہ

3

بلوچستان کے علاقے کولواہ اور خاران سے لیویز فورس کے اہلکار سمیت دو افراد کو پاکستانی فورسز نے جبری طور پر لاپتہ کردیا۔

گذشتہ روز کولواہ کے علاقے آشال کے رہائشی رضائی ولد گزو کو پاکستانی فورسز فرنٹیئر کور نے جبری طور پر لاپتہ کردیا جس کے بعد سے ان کے حوالے سے کوئی اطلاع نہیں مل سکی ہے۔

خاران سے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے ایک مقامی لیویز اہلکار حراست میں لینے کے بعد جبری لاپتہ کردیا ہے۔ لاپتہ ہونے والے اہلکار کی شناخت بشیر احمد کبدانی ولد حاجی محمد حسین کبدانی سکنہ خاران کے طور پر ہوئی ہے۔

ذرائع کے مطابق 19 اکتوبر کی رات تقریباً 11 بجے اہلکاروں نے بشیر احمد کے گھر پر چھاپہ مارا اور انہیں حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ اہلِ خانہ کے مطابق نقاب پوش افراد کا تعلق سی ٹی ڈی سے معلوم ہوتا تھا۔

اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ واقعے کو پانچ روز گزرنے کے باوجود بشیر احمد کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بشیر احمد کو ماورائے عدالت حراست میں رکھا گیا ہے۔