کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کے صدر قاری رحمت اللہ ایڈووکیٹ نے فرحان ساسولی ایڈووکیٹ کے گھر پر پولیس اور سی ٹی ڈی کے چھاپے اور ان کے بھائی کی اغواء نما گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ایسے واقعات کو قبول نہیں کرتے اور واقعہ کے خلاف عدالتوں کا بائیکاٹ کیاہے، اور ہمارا پر امن احتجاج جاری رہے گا اگر کسی وکیل کے خلاف کوئی شواہد ہے تو پولیس حکام ہم سے رابطہ کریں تاکہ مسئلے کو حل کیاجاسکے۔
یہ بات انہوں نے کوئٹہ کچہری باروم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔
انہوں نے کہاکہ فرحان ساسولی ایڈووکیٹ کے گھر پر چھاپہ مارکر بھائی کو اغوا کیا گیا ہے، اس طرح کی حرکات وکلاء کیلئے کسی صورت قابل قبول نہیں ہے ہم الیکشن مہم میں مصروف ہے ہماری کوشش ہے کہ الیکشن پرامن طریقے سے ہوں وکلا کے گھر میں گھسنا چادر اور چار دیواری کی پامالی ہمارے لیئے ناقابل برداشت ہے ۔
انہوں نے کہاکہ اطلاع ملتے ہی ہم نے عدالتوں کا بائیکاٹ کیاآج بھی ہم اسی سلسلے میں عدالتوں کا بائیکاٹ جاری رکھیں گے پہلے بھی کہا تھا، کسی وکلا ء کی اغوا ء نما گرفتاری کسی بھی صورت قبول نہیں ہے اس طرح کی کارروائیاں بند ہونی چاہئیں مشاورت کے بعد ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ آج بلوچستان بھر میں عدالتوں کا بائیکاٹ کریں گے۔
انہوں نے کہاکہ فرحان ساسولی کے گھر سے انکے بھائی نعمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔فرحان ایڈووکیٹ کے بھائی کو فوری طور پر بازیاب کیا جائے اس سلسلے میں آج آئی جی پولیس اور سی ٹی ڈی حکام سے ملاقات کریں گے وکیل کے بھائی کی بازیابی کیلئے عدالت سے بھی رجوع کریں گے ۔
انہوں نے کہاکہ احتجاج کرنا ہر شہری کی طرح ہمارا بھی حق ہے جہاں بھی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہوگی وہاں ہم کرادار ادا کریں گے اگر کسی وکیل کی خلاف کوئی ثبوت ہے تو حکام ہم سے رابطہ کریں ہم تعاون کیلئے تیار ہیں تاکہ مسئلے کا پر امن نکالا جاسکے۔