بلوچستان کے ضلع پنجگور کے علاقے چتکان میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور رکن بلوچستان اسمبلی میر رحمت صالح بلوچ کے بھائی کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ اتوار کی شام ان کے رہائشی علاقے میں پیش آیا۔
پنجگور پولیس نے بتایا کہ مقتول کی شناخت ولید صالح بلوچ کے نام سے ہوئی ہے جو نیشنل پارٹی کے رہنما حاجی صالح محمد کے بیٹے اور ضلع پنجگور کے ڈسٹرکٹ چیئرمین مالک صالح بلوچ، رکن بلوچستان اسمبلی رحمت صالح کے چھوٹے بھائی تھے۔
نامعلوم افراد نے ولید صالح پر اُس وقت فائرنگ کی جب وہ اپنے گھر کے قریب موجود تھے۔ فائرنگ کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے، جبکہ حملہ آور جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے ضلع ہیڈکوارٹر اسپتال پنجگور منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کے محرکات فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکے، تاہم مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔