پاکستانی سرحد پار حملوں میں افغان صحافی ہلاک، ایک زخمی

21

پاکستان اور افغان فورسز کے درمیان سرحدی جھڑپوں کی کوریج کرنے والے افغان صحافی پاکستانی فورسز کی بمباری اور فائرنگ کا نشانہ بن گئے۔

افغانستان میں قائم طلوع نیوز نے ذرائع کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ پکتیا نیشنل ٹیلی وژن کے صحافی پاکستان اور افغانستان کی سرحد ڈیورنڈ لائن پر جھڑپوں کی کوریج کے دوران، پاکستانی فورسز کی فضائی اور زمینی فائرنگ کی زد میں آگئے۔

طلوع نیوز کے مطابق اس حملے میں صحافی عبدالغفور عابد جانبحق ہوگئے، جبکہ ایک اور صحافی تُواب ارمان زخمی ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ سرحدی جھڑپوں میں اب تک متعدد شہری جانبحق ہو چکے ہیں، افغان حکام نے پاکستان پر عام آبادی کو نشانہ بنانے اور سرحد پر کشیدگی پیدا کرنے کا الزام عائد کیا ہے، جبکہ پاکستان کا مؤقف ہے کہ جھڑپوں کا سلسلہ افغان فورسز کی جانب سے پاکستانی چیک پوسٹوں پر حملوں کے بعد شروع ہوا۔

گزشتہ روز افغانستان اور ایران کے مقامی میڈیا نے اطلاع دی تھی کہ پاکستان کی جانب سے سرحد پار کرنے والے سات افغان مزدوروں کو حراست میں لینے کے بعد قتل کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ افغان شہری سرحدی راستے سے بلوچستان کے ذریعے ایران میں مزدوری کے غرض سے جا رہے تھے، جب انہیں پاکستانی سرحدی فورسز نے گرفتار کرنے کے بعد قتل کردیا۔

پاکستانی حکام کی جانب سے عام افغان شہریوں کی ہلاکت کے حوالے سے تاحال کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا، تاہم پاکستانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ افغان سرحد کے قریب پاکستانی طالبان کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔