نصیر آباد: پولیس گاڑی کے قریب دھماکہ، ریل گاڑی پر راکٹ حملہ

72

بلوچستان کے ضلع نصیر آباد میں دو مختلف حملوں میں پولیس اور ریل گاڑی کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع نصیر آباد کے تحصیل ڈیرہ مراد جمالی کے علاقے شاہ پمپ کے قریب پولیس گاڑی کے نزدیک دھماکہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں تین پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔

ذرائع کے مطابق پولیس کی گاڑی گشت پر تھی جب اسے نشانہ بنایا گیا، واقعے کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

ادھر نصیر آباد کے علاقے نوتال میں کوئٹہ سے آنے والی جعفر ایکسپریس پر راکٹوں سے حملہ کیا گیا، حملے کے نتیجے میں ٹرین کو نقصان پہنچا، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں ریلوے سروسز پر حملوں کے متعدد واقعات پیش آتے رہے ہیں، جن کے باعث گزشتہ ایک ماہ سے زائد عرصے سے بلوچستان سے کراچی، پنجاب اور پشاور جانے والی ٹرین سروسز معطل ہیں۔

ریلوے حکام نے بلوچستان جانے والی ٹرین سروسز کی معطلی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ اقدام سیکیورٹی خدشات کے باعث کیا گیا ہے۔ تاہم، گزشتہ روز کراچی جانے جعفر ایکسپریس سروس کی بحالی کے بعد آج ایک بار پھر ٹرین کو حملے کا نشانہ بنایا گیا۔

آج ہونے والے ان حملوں کے حوالے سے تاحال ریلوے حکام کا مؤقف سامنے نہیں آیا ہے، جبکہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کوئٹہ سے پشاور بذریعہ لاہور جانے والی ریلوے سروس بدستور معطل ہے۔