بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے نال میں مسلح افراد نے چھ گھنٹے تک کنٹرول قائم رکھا اور پولیس چوکی، تعمیراتی کمپنی کے کیمپ اور شاہراں پر ناکہ بندی کرتے ہوئے متعدد گاڑیاں اور اسلحہ قبضے میں لے لیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق، بلوچ آزادی پسندوں نے سی پیک شاہراہ کے مختلف مقامات پر ناکے لگا کر سنیپ چیکنگ کا سلسلہ جاری رکھا۔ آزادی پسندوں نے ایک پولیس چوکی پر قبضہ کر کے وہاں موجود ساز و سامان اور پولیس کی گاڑیاں اپنے قبضے میں لے لیں۔
مزید برآں، مسلح افراد نے متعدد بوزر گاڑیاں نذر آتش کیں اور پولیس کی تین گاڑیاں تحویل میں لے لیں۔ نال میں کلیڑی کے مقام پر واقع ڈی بلوچ تعمیراتی کمپنی کے کیمپ پر بھی حملہ کیا گیا اور کیمپ کو مشینری سمیت نذر آتش کردیا گیا۔ اس دوران 13 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔
کسی مسلح تنظیم کی جانب سے تاحال اس حملے کے حوالے سے بیان سامنے نہیں آیا، تاہم علاقائی ذرائع کے مطابق حملہ آور افراد کا تعلق بلوچ آزادی پسند تنظیم سے تھا۔


















































