مستونگ میں فیڈرل انویسٹیگیشن ایجنسی کی دو گاڑیوں کو نشانہ بنایا، حملے میں تین اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوئے۔ بی ایل ایف

63

بلوچستان لبریشن فرنٹ کے ترجمان میجر گہرام بلوچ نے میڈیا کو بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرمچاروں نے تنظیم کے خفیہ ونگ کی اطلاع پر 15 اکتوبر کی رات پاکستان کی وزارت داخلہ کے ماتحت فیڈرل انویسٹیگیشن ایجنسی کے دو گاڑیوں کو کوئٹہ- تفتان ہائی وے پر جدید و بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک گاڑی میں سوار تین اہلکار موقع پر ہی ہلاک جبکہ دو اہلکار شدید زخمی ہوئے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان کی دیگر خفیہ ایجنسیوں کی طرح وفاقی تحقیقاتی ایجنسی انسانی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کے علاؤہ بلوچستان میں قومی تحریک سے وابسطہ افراد کے فون کال ٹریس کرنے میں ملٹری انٹیلیجنس اور آئی ایس آئی کے ساتھ معاونت کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان لبریشن فرنٹ، مستونگ کے علاقہ کردگاپ میں فیڈرل انویسٹیگیشن ایجنسی کے تین اہلکاروں کو ہلاک اور دو اہلکاروں کو زخمی کرنے کی ذمہ داری قبول کرتی ہے اور اس عزم کو دہراتی ہے کہ بلوچستان میں ریاستی فورسز، ان کے خفیہ ایجنٹ اور وہ تمام افراد ہمارے نشانے پر ہونگے جو بلوچ عوام کو نقصان پہنچانے یا کسی طرح سے ان کی تذلیل کرنے میں ملوث پائے گئے۔