قلات میں لیویز اہلکاروں نے لیویز فورس کو پولیس میں ضم کرنے کے حکومتی فیصلے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق حکومتِ بلوچستان نے لیویز فورس کو پولیس میں ضم کرنے سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کیا ہے، جس کے بعد صوبے بھر میں لیویز فورس کے اہلکار سراپا احتجاج ہیں۔
اسی سلسلے میں لیویز فورس قلات کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی، ریلی میں لیویز فورس قلات کے افسران اور اہلکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ریلی کا آغاز لیویز ہیڈکوارٹر سے ہوا جو شاہی بازار، اسپتال روڈ، ہربوئی روڈ، دربار روڈ اور دیگر شاہراہوں سے گزرتی ہوئی واپس لیویز ہیڈکوارٹر قلات پر اختتام پذیر ہوئی۔
ریلی کے دوران شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر لیویز فورس کا پولیس میں انضمام نامنظور کے نعرے درج تھے۔
اس موقع پر لیویز فورس کے افسران اور اہلکاروں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لیویز فورس ایک مثالی اور 142 سال پرانی فورس ہے جس نے بلوچستان میں امن و امان کے قیام میں نمایاں کردار ادا کیا ہے، فورس کے جوانوں نے اپنی جانوں کی قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی لیویز فورس کو پولیس میں ضم کرنے کا تجربہ ناکام رہا تھا اور اب ایک بار پھر وہی ناکام کوشش دہرانے کی جارہی ہے۔
مقررین نے حکومتِ بلوچستان سے پرزور اپیل کی کہ عدالتِ عالیہ کے اسٹے آرڈر پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور انضمام سے متعلق جاری کردہ نوٹیفکیشن فوری طور پر واپس لیا جائے۔