اہلکار لیویز فورس کو پولیس میں ضم کرنے کے حکومتی فیصلے کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔
بلوچستان حکومت کی جانب سے لیویز فورس کو ختم کرکے اسے پولیس میں ضم کرنے کے فیصلے کے خلاف تربت میں ہفتے کے روز لیویز اہلکاروں نے ریلی نکالی اور شہید فدا چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔
ریلی میں لیویز اہلکاروں کی بڑی تعداد شریک تھی جو پولیس میں انضمام کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔
لیویز فورس کے اہلکاروں نے پولیس میں انضمام کی مخالفت کرتے ہوئے لیویز کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور لیویز فورس کو ایک بہادر مقامی فورس قرار دیتے ہوئے اسے پولیس میں ضم کرنے کے فیصلے کو سازش قرار دیا۔
اہلکاروں کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں امن و امان کی بحالی، مقامی سطح پر جرائم کے خاتمے، روایات کے احترام اور بروقت انصاف کی فراہمی میں لیویز فورس نے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے۔
واضح رہے کہ سرفراز بگٹی حکومت نے بلوچستان میں قائم لیویز فورس کو ختم کرکے اسے بلوچستان پولیس میں ضم کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد متعدد اضلاع میں لیویز کو پولیس میں ضم کرنے کے احکامات جاری کیے جا چکے ہیں۔
گزشتہ دنوں بلوچستان کے ضلع قلات میں بھی لیویز اہلکاروں نے بڑی تعداد میں ریلی نکال کر حکومتی فیصلے کی مذمت کی تھی۔
















































