شیرانی: پاکستانی فورسز کا آپریشن میں سات مسلح افراد کو مارنے کا دعویٰ

50

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ “آئی ایس پی آر” نے بیان جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع شیرانی میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے میں سات مسلح افراد کو ہلاک کردیا ہے۔

فوجی ترجمان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا، کارروائی مبینہ طور پر دہشت گرد عناصر کی موجودگی کی اطلاع پر عمل میں لائی گئی۔ 

ترجمان کے مطابق فورسز نے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد سات افراد کو مارنے کا دعویٰ کیا گیا۔

حکام کے مطابق آپریشن کے دوران اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا، ہلاک ہونے والے افراد علاقے میں مسلح کارروائیوں میں ملوث تھے۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں اس سے قبل بھی ایسے آپریشنز کے حوالے سے خدشات ظاہر کیے جاتے رہے ہیں، جہاں مقامی حلقوں کے مطابق بعض اوقات پہلے سے زیرِ حراست افراد کو قتل کرکے مقابلے میں مارے جانے کا دعویٰ کیا جاتا ہے۔

شیرانی میں حالیہ آپریشن اور مارے جانے والے افراد کی شناخت کے بارے میں تاحال کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔