بلوچ نیشنل موومنٹ “بی این ایم” کی جانب سے برطانیہ کے فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس کے سامنے زہری آپریشن کے متاثرین سے اظہارِ یکجہتی کے لیے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
بلوچ نیشنل موومنٹ کے زیرِ اہتمام یہ مظاہرہ بلوچستان کے ضلع خضدار کے مختلف علاقوں میں جاری فوجی آپریشن زہری میں کرفیو اور پاکستانی فورسز کی بمباری و ڈرون حملوں میں شہریوں کی ہلاکتوں کے خلاف کیا گیا۔
مظاہرین نے لندن میں برطانوی فارن کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس کے سامنے جمع ہو کر عالمی برادری سے زہری اور خضدار میں جاری فوجی محاصرے پر خاموشی توڑنے کا مطالبہ کیا۔
اس موقع پر شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے جن پر پاکستانی فورسز کی بمباری سے متاثرہ افراد کی تصاویر اور زہری میں کرفیو کے خاتمے کے مطالبات درج تھے۔
مظاہرے کے دوران شرکاء کا کہنا تھا کہ پاکستانی فوجی ہیلی کاپٹروں نے چاڈو، مولا چاری اور زہری کے مختلف علاقوں میں عام آبادی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں خواتین، بچوں سمیت کئی شہری جانبحق ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ اس احتجاج کا مقصد عالمی برادری کو بلوچستان میں جاری ریاستی مظالم سے آگاہ کرنا، ان پر آواز بلند کرنا اور ان مظالم کو روکنے کے لیے عملی اقدامات کا مطالبہ کرنا ہے۔