بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پیش آنے والے فائرنگ اور حادثات کے واقعات میں خواتین سمیت 6 افراد جانبحق جبکہ 12 زخمی ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جمعرات کی صبح تربت کے علاقے میری میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے نجیب اللہ ولد محمد یعقوب سکنہ میری کو قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق مقتول گورنمنٹ گرلز اسکول میری میں نائب قاصد کے طور پر فرائض انجام دے رہے تھے۔
ادھر ڈیرہ بگٹی کے علاقے ٹلی مٹ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے لیویز اہلکار محمد حسین مریٹہ قتل جبکہ جمیل شیخ شدید زخمی ہوگیا۔
واقعے کے بعد لیویز فورس اور سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
دوسری جانب ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی ٹو ڈیرہ بگٹی روڈ پر جن موڑ کے قریب ایک ٹریکٹر ٹرالی حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 3 افراد جانبحق اور 11 زخمی ہو گئے۔
زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
دریں اثناء بلوچستان کے علاقے دالبندین میں کلی ملک رسول بخش سمالانی کے قریب فائرنگ کے ایک واقعے میں علی مردان نامی شخص شدید زخمی ہوا، جسے تشویشناک حالت میں پرنس فہد اسپتال دالبندین منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جانبحق ہو گیا۔

















































