بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پیش آنے والے حادثات اور واقعات میں مجموعی طور پر دو افراد جانبحق اور مزید چار زخمی ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مکران کوسٹل ہائی وے پر آج شام دو مختلف مقامات پر پیش آنے والے ٹریفک حادثات میں تین افراد زخمی ہوئے۔
پہلا حادثہ شام 7 بج کر 40 منٹ پر کلانچ کے علاقے میں پیش آیا، جہاں ایک شخص ٹرک کی تکنیکی خرابی چیک کر رہا تھا کہ ڈرائیور کی لاعلمی میں گاڑی آگے بڑھ گئی، اس حادثے میں شمس الرحمٰن ولد سوال جان ساکن پنجگور زخمی ہوگیا۔
دوسرا حادثہ رات 8 بج کر 10 منٹ پر مہنجی کے مقام پر پیش آیا جہاں گوادر سے کراچی جانے والا ایک ٹرالر الٹ گیا جس میں دو افراد زخمی ہوئے۔
ادھر تربت سے موصول اطلاع کے مطابق آپسر آسکانی بازار میں مسلح افراد نے فائرنگ کر کے پنجگور سے تعلق رکھنے والے زمیاد کے ڈرائیور کو زخمی کردیا، جبکہ تفتان میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے زوہیب محمدانی نامی شخص جانبحق ہوگیا ہے۔
مزید برآں گذشتہ دنوں کچھی بھاگ ناڑی میں مسلح افراد کے ساتھ جھڑپوں میں زخمی پولیس کانسٹیبل محمد عظیم کھوسہ کراچی کے آغا خان ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔


















































