کیچ: فوجی قافلے پر خودکش حملہ

1100

بلوچستان کے ضلع کیچ میں چین-پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے مرکزی ایم-8 ہائی وے پر پاکستانی فوج کے قافلے کو آج خودکش حملے میں نشانہ بنایا گیا ہے۔ واقعہ دشت کے علاقے میں کنچتی کراس کے قریب پیش آیا، جو تربت سے تقریباً 60 کلومیٹر دور واقع ہے۔

اطلاعات کے مطابق ایک خودکش بمبار نے دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی کو پاکستانی فورسز کے بسوں کے قافلے سے ٹکرا دیا، جس کے بعد دیگر حملہ آوروں نے قافلے پر فائرنگ بھی کی۔

حملے کے فوری بعد فوجی ہیلی کاپٹروں نے علاقے میں پرواز شروع کر دی۔ ابتدائی رپورٹس میں متعدد اہلکار ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں جبکہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد کی تصدیق ہونا ابھی باقی ہے۔

ذرائع نے ٹی بی پی کو بتایا کہ چھ بسوں و سیکورٹی گاڑیوں پر مشتمل قافلہ گوادر سے تربت آرہی تھی کہ حملے میں نشانہ بنایا گیا۔ دھماکے میں ایک بس مکمل تباہ ہوگئی جبکہ دیر تک فائرنگ کی آواز جارہی رہی جہاں مسلح حملوں سے دیگر بسوں میں سوار اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔

بلوچستان میں گزشتہ کئی برسوں سے آزادی پسندوں کی سرگرمیاں جاری ہیں، اور فورسز کے قافلوں کو تسلسل کیساتھ نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

رواں سے اس سے قبل اسی نوعیت کے حملے ضلع تربت، نوشکی اور قلات میں بھی ہوچکے ہیں۔ ان حملوں کے باعث فورسز کی نقل و حرکت محدود ہوچکی ہے۔

ماضی میں اس قسم کے حملوں کی ذمہ داری بلوچ لبریشن آرمی قبول کرتی رہی ہے تاہم آج ہونے والے حملے کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی۔