کیچ: حکومتی حمایت یافتہ گروہ کے ہاتھوں مزید دو افراد قتل

100

بلوچستان کے ضلع کیچ کی تحصیل مند اور تمپ میں فائرنگ کے دو الگ الگ واقعات میں مزید دو نوجوان قتل کر دیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق تمپ کے علاقے گومازی میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے سیٹھ جلال نامی شخص جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

دوسرے واقعے میں، مند کے علاقے میں فائرنگ کے نتیجے میں ملا بھرام نامی شخص موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے جبکہ واقعے کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آ سکیں۔

واضح رہے کہ ان واقعات سے چند گھنٹے قبل ہی اظہار ولد ملا مجیب کو بھی قتل کیا گیا تھا۔ علاقائی رپورٹس کے مطابق ان حملوں کا الزام ایک ایسے گروہ پر لگایا جا رہا ہے جسے مقامی سطح پر “ڈیتھ اسکواڈ” کہا جاتا ہے۔ یہ گروہ مبینہ طور پر ریاستی سرپرستی میں سرگرم ہے اور انسانی حقوق کی تنظیمیں ان پر قتل، اغواء اور دیگر سنگین جرائم کے ارتکاب کے الزامات عائد کرتی رہی ہیں۔

بلوچستان میں اس نوعیت کے واقعات کوئی نئی بات نہیں۔ گزشتہ کئی برسوں سے مختلف اضلاع میں ایسے مسلح گروہوں کی کارروائیوں کے بارے میں اطلاعات سامنے آتی رہی ہیں۔