بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بلوچ یکجہتی کمیٹی کی سربراہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور دیگر ساتھیوں کو خفیہ طور پر انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں پیش کر دیا گیا۔
بی وائی سی قیادت کو آج 6 ستمبر کو عدالت لایا گیا جبکہ اس دوران ان کے وکلا اور لواحقین کو اطلاع دیے بغیر جیل حکام نے مزید پانچ روز کا ریمانڈ حاصل کرلیا۔
لواحقین کے مطابق بلوچ یکجہتی کمیٹی کی رہنما ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ، بیبو بلوچ، گلزادی، بیبرگ زہری اور شاہ جی صبغت اللہ کو کل عدالت میں پیش کیا جانا تھا لیکن انھیں پیش نہ کیا گیا اس کے برعکس آج خفیہ طور پر اور بغیر اہلِ خانہ یا وکلا کو اطلاع دیے عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت سے مزید پانچ روزہ ریمانڈ حاصل کر لیا گیا اس دوران شہر میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل رہی۔
ڈاکٹر ماہرنگ بلوچ کی بہن نادیہ بلوچ جو گزشتہ 53 دنوں سے اسلام آباد میں احتجاج پر بیٹھی ہیں، نے اس اقدام کو پاکستان کے آئین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
ان کے مطابق یہ اقدامات غیر آئینی ہیں کیونکہ پاکستان کے آئین کا آرٹیکل 10-A شہریوں کے منصفانہ ٹرائل کے حق کی ضمانت دیتا ہے اور آرٹیکل 10 بلاجواز گرفتاری اور حراست کے خلاف تحفظ فراہم کرتا ہے۔
نادیہ بلوچ نے کہا کہ یہ اقدام آئین کی دھجیاں اڑانے کے مترادف ہے اور اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ریاست آئینی و قانونی تقاضوں کو نظرانداز کرتے ہوئے ماہ رنگ بلوچ اور ان کے ساتھیوں کے ساتھ غیر منصفانہ رویہ اختیار کررہی ہے۔
بلوچ یکجہتی کمیٹی نے عدالتی کارروائی پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ حیران کن طور پر یہ خفیہ عدالتی کارروائی 6 ستمبر (یومِ دفاع) کے موقع پر کی گئی جب ملک بھر میں عام تعطیل تھی اور کوئی وکیل عدالت میں موجود نہیں تھا۔
بی وائی سی نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماہ رنگ بلوچ اور دیگر رہنماؤں پر جھوٹے مقدمات بنا کر انھیں نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ بی وائی سی قیادت کے کیس میں ایک شفاف غیر جانب دار اور منصفانہ ٹرائل کو یقینی بنایا جائے سپریم کورٹ آف پاکستان اس معاملے پر فوری نوٹس لے اور بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیمیں اس غیر منصفانہ ٹرائل کی نگرانی کریں اور اپنی آواز بلند کریں۔
مزید کہا گیا کہ ملک بھر میں چھٹی کے روز خفیہ عدالت لگانا اور سیاسی قیدیوں کے وکلا کو اطلاع فراہم کیے بغیر مزید پانچ روزہ ریمانڈ حاصل کرنا عدالتی نظام کی ساکھ اور ریاستی جبر کا مکروہ چہرہ بے نقاب کرتا ہے۔