کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس منسوخ

1

کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس کو منسوخ کر دیا ہے۔ ریلوے حکام کے مطابق مسافروں کو ٹکٹوں کی مکمل رقم واپس کی جائے گی۔

یہ فیصلہ گزشتہ روز جعفر ایکسپریس پر ہونے والے دھماکے کے بعد کیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے سے متاثرہ ٹریک کی بحالی کا کام مکمل نہیں ہو سکا اور بوگیوں کو بھی ٹریک سے نہیں ہٹایا جا سکا ہے۔

حملے میں چھ بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں جبکہ ایک الٹ گئی تھی۔ لیویز حکام کے مطابق واقعے میں 12 مسافر معمولی زخمی ہوئے تھے۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ٹریک کی بحالی اور بوگیوں کو ہٹانے کا کام آج مکمل کر لیا جائے گا۔

بلوچ ریپبلکن گارڈز (بی آر جی) نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ مستونگ کے علاقے دشت میں ریموٹ کنٹرول دھماکے کے ذریعے جعفر ایکسپریس کو نشانہ بنایا گیا۔ تنظیم کے ترجمان نے کہا کہ دھماکے میں پاکستانی فوج کے اہلکار ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں، تاہم حکام کی جانب سے اس دعوے کی تصدیق نہیں کی گئی۔

یہ پہلا موقع نہیں جب جعفر ایکسپریس کو نشانہ بنایا گیا ہو۔ اس سے قبل بھی یہ ٹرین کئی بار بلوچستان میں بم دھماکوں اور فائرنگ کے واقعات کی زد میں آ چکی ہے۔

رواں سال مارچ کے مہینے میں بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے جعفر ایکسپریس کو ہائی جیک کر کے تین دنوں تک اس میں سفر کرنے والے فوجی اہلکاروں یرغمال بنایا تھا۔