کوئٹہ کے شاہوانی اسٹیڈیم میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے جلسے پر ہونے والے خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مکران ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن، کیچ بار ایسوسی ایشن، گوادر بار ایسوسی ایشن اور پنجگور بار ایسوسی ایشن سمیت مکران کی تمام وکلاء تنظیموں نے تین روزہ سوگ کا اعلان کردیا ہے۔
وکلاء تنظیموں نے اپنے مشترکہ اعلامیے میں کہا ہے کہ یہ واقعہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا باعث بنا اور ملک میں جمہوری و پرامن جدوجہد کے تمام ذرائع کو مسدود کرنے کی ایک سوچی سمجھی گھناؤنی سازش ہے۔
اعلامیے کے مطابق بطور احتجاج مکران بھر میں عدالتی کارروائیوں کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے گا جو 3، 4 اور 5 ستمبر تک جاری رہے گا۔
مزید کہا گیا ہے کہ وکلاء برادری شہداء کے بلند درجات اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کے لیے دعاگو ہے جبکہ زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے بھی دعائیں کی جارہی ہیں۔
وکلاء نے حکومت اور کوئٹہ انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ وہ واقعہ میں ملوث عناصر کی نشاندہی کرتے ہوئے فوری کاروائی کرے اور آئیندہ ایسے واقعات کو روکنے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔