ڈغاری: دوہری قتل کیس میں گرفتار قبائلی سربراہ سردار شیرباز ساتکزئی ضمانت پر رہا

86

بلوچستان ہائی کورٹ نے ڈغاری قتل کیس میں گرفتار قبائلی سربراہ سردار شیرباز ساتکزئی کی ضمانت منظور کرلی۔

تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے قریب ڈغاری میں ایک خاتون اور ایک مرد کو قبائلی فیصلے کے تحت غیرت کے نام پر قتل کرنے کے الزام میں گرفتار سردار شیرباز ساتکزئی کو رہا کردیا گیا۔

سردار شیرباز نے ڈغاری قتل کیس میں ضمانت کی درخواست دائر کی تھی، جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے انہیں 5 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی۔

واضح رہے کہ ڈغاری میں خاتون اور مرد کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے انسدادِ دہشت گردی ایکٹ سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔ 

اس مقدمے میں جرگے کے ذریعے قتل کا حکم دینے کے الزام میں علاقے کے سردار کے خلاف دفعہ 302 تعزیراتِ پاکستان اور دیگر دفعات کے تحت کارروائی کرتے ہوئے سردار شیرباز سمیت متعدد افراد کو تین ماہ قبل گرفتار کیا تھا۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ تھانہ ہنہ اوڑک کی حدود میں عیدالاضحیٰ سے تین روز قبل پیش آیا تھا، تاہم ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد کارروائی کا آغاز کیا گیا۔

پولیس کے مطابق مقتولین کی شناخت بانو بی بی اور احسان اللہ کے نام سے ہوئی ہے، جنہیں مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کیا گیا۔

پولیس کا مزید کہنا ہے کہ مقتولین کو متعدد افراد کے ہمراہ سردار شیرباز خان کے پاس لے جایا گیا جہاں اس نے فیصلہ سنایا کہ دونوں کاروکاری کے مرتکب ہیں اور انہیں قتل کردیا جائے اس فیصلے کے بعد خاتون اور مرد دونوں کو قتل کردیا گیا۔