عینی شاہدین نے روئٹرز کو بتایا کہ منگل کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں کئی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
ایک عینی شاہد کے مطابق دارالحکومت کے کتارا ڈسٹرکٹ کے اوپر دھواں اٹھتا ہوا دیکھا گیا۔
روئٹرز کے مطابق اسرائیلی میڈیا نے ایک سینیئر اسرائیلی عہدے دار کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ ’ہم نے قطر میں حماس کی قیادت کو نشانہ بنایا ہے، جن میں خلیل الحیہ اور جبارین شامل ہیں اور نتائج کے منتظر ہیں۔‘
حماس کے ایک سینیئر ذریعے نے الجزیرہ کو بتایا کہ دوحہ میں ایک اجلاس کے دوران حماس کے وفد کو نشانہ بنایا گیا۔
خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس کی فضائیہ نے حماس کے رہنماؤں پر ایک ’ٹارگٹڈ حملہ‘ کیا ہے، تاہم یہ نہیں بتایا کہ کہاں کیا گیا۔
اسرائیلی فوج نے ایکس پر جاری بیان میں کہا آئی ڈی ایف اور آئی ایس اے نے حماس کی سینیئر قیادت کو نشانہ بناتے ہوئے ایک ’مقررہ حملہ‘ کیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ حملے سے قبل عام شہریوں کو نقصان سے بچانے کے لیے اقدامات کیے گئے، جن میں درست ہتھیاروں کے استعمال اور اضافی انٹیلیجنس شامل ہے۔