سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر جعفر ایکسپریس کو ایک بار پھر جیکب آباد ریلوے اسٹیشن پر روک دیا گیا، جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
پشاور سے کوئٹہ، بذریعہ پنجاب، جانے والی جعفر ایکسپریس کو سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر جیکب آباد اسٹیشن پر کئی گھنٹوں کے لیے روک دیا گیا، طویل انتظار کے باعث مسافر شدید پریشان۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جعفر ایکسپریس کو اکثر اوقات بلوچستان کی طرف سیکیورٹی کلیئرنس نہ ملنے پر جیکب آباد میں روک دیا جاتا ہے اس بار بھی کلیئرنس نہ ملنے کے باعث ٹرین آگے نہ جا سکی اور بالآخر مسافروں کو کرایہ واپس کردیا گیا۔
مسافروں نے شکایت کی ہے کہ بار بار کی تاخیر سے نہ صرف ان کا وقت ضائع ہوتا ہے بلکہ سفر اذیت ناک بن جاتا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ حکام جعفر ایکسپریس کے بار بار روکے جانے کے مسئلے کا مستقل حل نکالیں تاکہ عوام کو محفوظ اور باقاعدہ سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔
یاد رہے کہ رواں سال بلوچ لبریشن آرمی نے جعفر ایکسپریس پر ایک حملے میں ٹرین کو یرغمال بنا کر اس میں سوار 200 سے زائد پاکستانی فوجی اہلکاروں کو ہلاک کردیا تھا۔
مزید یہ کہ گزشتہ ماہ اگست میں بھی جعفر ایکسپریس پر دو حملے کیے گئے تھے، جس کے بعد سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ٹرین کو متعدد بار منسوخ کیا جا چکا ہے۔