سانحہ سریاب: آٹھ ستمبر کو بلوچستان بھر میں پہیہ جام اور شٹرڈاؤن ہڑتال ہوگی

103

کوئٹہ میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے جلسے میں سیاسی کارکنان کو خودکش دھماکے میں نشانہ بنانے کے خلاف آٹھ ستمبر کو بلوچستان بھر میں مکمل شٹرڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال ہوگی۔

بلوچستان نیشنل پارٹی، پشتونخوامیپ، نیشنل پارٹی، عوامی نیشنل پارٹی، پاکستان تحریک انصاف اور مجلس وحدت المسلمین کے مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ 2 ستمبر 2025 کو شاہوانی اسٹیڈیم سریاب روڈ کوئٹہ میں سردار عطاءاللہ خان مینگل کے چوتھے برسی کے موقع پر خودکش حملہ کیا گیا جس میں 14 سیاسی کارکن شہید اور چالیس سے زائد زخمی ہوئے، یہ خودکش حملہ براہ راست مختلف سیاسی جماعتوں کے صف اول کے قائدین اور قومی جمہوری سوچ پر حملہ تھا۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اس سانحہ کے خلاف 8 ستمبر بروز سوموار بلوچستان بھر میں مکمل پہیہ جام اور شٹرڈاؤن ہڑتال ہوگی تمام شاہراہیں، تجارتی و سرکاری مراکز ریلوے اسٹیشنز اور ایئرپورٹ جانے والے راستے بند ہونگے۔ ہر طبقہ فکر کے لوگ خصوصاً ٹرانسپورٹرز مسافر حضرات سرکاری ملازمین پراہیویٹ و سرکاری سکولوں و کالجوں کے طلباء زمیندار ہر قسم کے سفر سے اجتناب کریں۔