بلوچستان کے ضلع کیچ کی تحصیل زامران میں پاکستانی فورسز کو ریموٹ کنٹرول بم حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں متعدد اہلکاروں کے ہلاک ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق زامران کے علاقے نوانوں کے قریب نامعلوم افراد کی جانب سے زیرِ زمین نصب ریموٹ کنٹرول دھماکہ خیز مواد سے پاکستانی فورسز کی ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔
دھماکے کے نتیجے میں گاڑی میں سوار کئی اہلکار موقع پر ہلاک ہو گئے، جبکہ واقعے کے فوراً بعد فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
سرکاری حکام نے پاکستانی میڈیا کے ذریعے دھماکے کی تصدیق کردی ہے، تاہم ہلاکتوں کی درست تعداد یا دیگر تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
واضح رہے کہ زامران ان علاقوں میں شامل ہے جہاں بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیمیں متحرک ہیں اور ماضی میں بھی پاکستانی فورسز پر متعدد حملوں کی ذمہ داری قبول کر چکی ہیں۔
تاہم اس حملے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے۔