بلوچستان کے ضلع کیچ کی تحصیل بلیدہ کے علاقے نوانو زامران میں پاکستانی فورسز کی گاڑی کو زیرِ زمین نصب ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا گیا، جہاں فورسز حکام نے اپنے چار اہلکار ہلاک اور چار زخمی نے کی تصدیق کردی ہے۔
فورسز کے حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے اہلکاروں میں فاروق، اویس، کریم داد، اور علی شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں نائیک جیلانی، ہدایت، افضل، اور سپاہی صدام شامل ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ دھماکہ گاڑی کے قریب نصب ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے کیا گیا، واقعے کے بعد علاقے کو فورسز نے گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا اور زخمی و ہلاک اہلکاروں کو جائے وقوعہ سے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
واضح رہے کہ ابتدائی اطلاعات میں متعدد اہلکاروں کے ہلاک و زخمی ہونے کی اطلاع دی گئی تھی، جس کی اب سرکاری طور پر تصدیق کر دی گئی ہے۔
تاحال اس حملے کی ذمہ داری کسی گروپ نے قبول نہیں کی، تاہم بلوچستان میں سرگرم مسلح تنظیمیں ماضی میں اس نوعیت کے حملوں کی ذمہ داری قبول کرتی رہی ہیں۔
دوسری جانب بلوچ لبریشن آرمی نے 28 اگست کو پنجگور پروم میں پاکستانی فورسز پر ہونے والے بم حملے کی ویڈیو فوٹیج جاری کردی ہے، جس میں تنظیم کے مطابق پاکستانی فورسز کے 6 اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔