بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے دو تلوار میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما آغا شکیل احمد درانی اور مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر آغا شازیب درانی کی رہائش گاہ پر نامعلوم افراد نے دستی بم سے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں 7 محافظ زخمی ہو گئے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) خضدار شہزادہ عمر عباس بابر نے مقامی صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ حملے کے نتیجے میں گھر پر تعینات سیکیورٹی اہلکاروں میں سے 7 محافظ زخمی ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے خضدار ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دھماکے کے بعد پولیس اور دیگر فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔ ایس ایس پی کے مطابق جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور جلد حملہ آوروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
دریں اثنا، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے خضدار میں پیپلز پارٹی رہنما آغا شکیل درانی کی رہائشگاہ پر دستی بم حملے کو افسوسناک قرار دیا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ واقعے کی فوری تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔