تربت: جبری لاپتہ عبداللطیف کو بحفاظت بازیاب کیا جائے۔ لواحقین

8

ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت سے جبری لاپتہ ہونے والے عبدالطیف ولد عبدالرحمن کی بازیابی کے لیے اہلخانہ نے حکومت اور انتظامیہ کو تین دن کی مہلت دے دی ہے۔

اہلخانہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر عبدالطیف کو بازیاب نہ کرایا گیا تو ایم 8 شاہراہ کو جدگال ڈن (ڈی بلوچ پوائنٹ) پر دھرنا دے کر ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا جائے گا۔

تربت پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے لاپتہ شہری کی رشتہ دار خواتین نے کہا کہ عبدالطیف کو 13 ستمبر کی دوپہر نیشنل بینک کے قریب واقع ایک دکان سے زبردستی لاپتہ کیا گیا تھا۔ ان کے مطابق واقعے کے بعد سے اب تک عبدالطیف کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں، جس کے باعث خاندان شدید کرب اور بے یقینی میں مبتلا ہے۔

اہلخانہ نے مطالبہ کیا کہ عبدالطیف کی فوری بازیابی کو یقینی بنایا جائے بصورت دیگر وہ سخت احتجاج پر مجبور ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر تین دن کے اندر پیش رفت نہ ہوئی تو جدگال ڈن (ڈی بلوچ پوائنٹ) پر دھرنا دیا جائے گا اور ایم 8 شاہراہ بند کر دی جائے گی، جس سے علاقائی آمدورفت اور تجارتی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوں گی۔