بی ایل اے حملہ، پاکستانی وزیر داخلہ تربت پہنچ گئے

849

پیر کے روز ضلع کیچ کے علاقے مند میں پاکستانی فورسز پر بلوچ لبریشن آرمی کے ایک حملے میں ایک کیپٹن سمیت آٹھ اہلکاروں کے ہلاکت کے واقعہ کے بعد پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی اس وقت تربت میں موجود ہیں جہاں وہ ایف سی ہیڈکوارٹر تربت میں فوجی اہلکاروں کی نماز جنازہ میں شریک ہوں گے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق اب سے کچھ دیر قبل وفاقی وزیر خصوصی جہاز سے ایف سی بلوچستان ساؤتھ کے ہیڈکوارٹر تربت پہنچے ہیں، وہ مختصر دورہ میں فوجی اہلکاروں کی نماز جنازہ میں خصوصی شرکت کے بعد واپس روانہ ہوں گے۔

یاد رہے کہ آج مند میں ایک حملے میں پاکستانی فوج کے کیپٹن وقار سمیت آٹھ اہلکار ہلاک ہوئے تھے ۔

حملے کی ذمہ داری بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی، ترجمان جیئند بلوچ نے کہا کہ سرمچاروں نے آج کیچ کے علاقے مند میں شند کے مقام پر قابض پاکستانی فوج کے 125 ونگ کے قافلے میں شامل ایک گاڑی کو ریموٹ کنٹرول آئی ای ڈی حملے میں نشانہ بنایا۔ دھماکے میں قابض فوج کے کیپٹن وقار کاکڑ، نائیک جنید، نائیک عصمت، لانس نائیک خان محمد اور سپاہی ظہور احمد سمیت آٹھ اہلکار ہلاک ہوگئے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل اگست میں پاکستانی آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے تربت کا دورہ کیا تھا، اور دورے کا مقصد بلوچستان میں سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینا تھا، اور انہیں فوجی آپریشنوں پر بریفنگ دی گئی تھی ۔