پاکستان کے سیکیورٹی ادارے کمزور ہیں، اس لیے افغانستان پر الزامات لگاتے ہیں: طالبان حکومت کے وزیرِ دفاع کا بیان
افغانستان میں طالبان حکومت کے وزیرِ دفاع ملّا یعقوب نے کہا ہے کہ پاکستان کے سیکیورٹی ادارے کمزور ہیں اور اس کمزوری کو چھپانے کے لیے وہ افغانستان پر الزامات عائد کرتے ہیں۔
یہ بات انہوں نے بی بی سی کو دیے گئے ایک انٹرویو کے دوران کی۔ ان سے سوال ہوا کہ پاکستان دعویٰ کرتا ہے کہ تحریکِ طالبان پاکستان اور بلوچ لبریشن آرمی کے حملوں کے لیے افغان سرزمین استعمال کرتے ہیں۔
جواب میں ملّا یعقوب کا کہنا تھا کہ تحریکِ طالبان پاکستان اور بلوچ علیحدگی پسند پاکستان میں اپنی کارروائیاں کرتے ہیں اور پاک افغان سرحد سے سیکڑوں کلو میٹر دور پاکستان کے بڑے شہروں میں حملے کرتے ہیں۔ اگر دہشت گرد افغانستان سے داخل ہو رہے ہیں اور پاکستان کے اندر سیکڑوں کلو میٹر سفر کر رہے ہیں تو انہیں وہاں کیوں نہیں روکا جا رہا؟
ملا یعقوب کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کو وہیں روکا جانا چاہیے۔ اس سے ان کے سیکیورٹی اداروں کی کمزوری ظاہر ہوتی ہے جسے چھپانے کے لیے افغانستان پر الزام عائد کیا جاتا ہے۔
طالبان حکومت کے وزیرِ دفاع کا مزید کہنا تھا کہ ایک دوسرے پر الزامات لگانے اور پروپیگنڈا کرنے سے بہتر ہے کہ حقیقت کو تسلیم کیا جائے، تعاون بڑھایا جائے اور ان مسائل کے حل کے لیے کوئی اچھا منصوبہ بنایا جائے۔