بلوچستان: چار جبری گمشدگیوں کے شکار افراد بازیاب

33

بلوچستان میں جبری گمشدگی کے شکار ہونے والے چار افراد بازیاب ہو کر اپنے گھروں کو پہنچ گئے ہیں۔

کوئٹہ اور مستونگ سمیت مختلف علاقوں سے بازیاب ہونے والوں میں سیاسی کارکنان اور عام افراد شامل ہیں۔

بازیاب ہونے والے افراد میں بسم اللہ قمبرانی، جو 16 ستمبر کو کوئٹہ سے جبری گمشدگی کے شکار ہوئے، جواد بلوچ، عنایت اللہ ولد دُر محمد، بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن مستونگ زون کے رہنما غلام علی بلوچ جو 22 جون کو لاپتہ ہوئے تھے شامل ہیں۔

خیال رہے کہ بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کا مسئلہ کئی دہائیوں سے انسانی حقوق کی تنظیموں، سیاسی کارکنوں اور متاثرہ خاندانوں کے لیے ایک بڑا چیلنج رہا ہے۔ مقامی و بین الاقوامی انسانی حقوق کے ادارے بارہا مطالبہ کرتے رہے ہیں کہ ان واقعات کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داروں کو کٹہرے میں لایا جائے۔