اسرائیل نے ہماری سالمیت پر حملہ کیا۔ قطر وزارت خارجہ

238

قطر کی وزارتِ خارجہ اور وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ریاستِ قطر دوحہ میں حماس کے سیاسی بیورو کے متعدد رہنماؤں کی رہائش گاہوں کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ بزدلانہ اور مجرمانہ حملہ بین الاقوامی قوانین اور عالمی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے اور اس نے قطر کے شہریوں اور یہاں مقیم غیر ملکیوں کی سلامتی کو سنگین خطرے میں ڈال دیا ہے۔

ترجمان کے مطابق واقعے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز، سول ڈیفنس اور متعلقہ اداروں نے کارروائی شروع کر دی اور ضروری اقدامات اٹھائے تاکہ صورتحال کو قابو میں لایا جا سکے اور شہریوں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔

وزارتِ خارجہ نے واضح کیا کہ قطر اس جارحانہ اسرائیلی رویے اور خطے کی سلامتی کو مسلسل نقصان پہنچانے کی کوششوں کو برداشت نہیں کرے گا، اور کسی بھی ایسے عمل کو قبول نہیں کرے گا جو اس کی خودمختاری یا سالمیت کو نشانہ بنائے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ حملے کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات جاری ہیں اور جیسے ہی مزید تفصیلات سامنے آئیں گی، انہیں عوام کے ساتھ شیئر کیا جائے گا۔