بلوچستان کے ضلع آواران کے علاقے جھاؤ میں آئی ای ڈی دھماکے کے ذریعے پاکستانی فورسز کو نشانہ بنایا گیا، جس میں متعدد اہلکار ہلاک اور زخمی ہوئے۔
فورسز حکام نے بم حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ایف 109 ونگ کے اہلکار محمد زبیر اور رحمت اللہ ہلاک ہوگئے ہیں۔
تاہم اطلاعات کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد اس سے زیادہ ہے، دھماکے کے بعد فوجی ایمبولینس کے ذریعے ہلاک اور زخمی اہلکاروں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔
واقعے کے بعد فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔
یاد رہے بلوچستان میں پاکستانی فورسز پر چوبیس گھنٹوں کے دوران یہ دوسرا بڑا حملہ ہے، اس سے قبل ضلع کیچ کے علاقے زامران میں بھی پاکستانی فورسز نے حملے کی تصدیق کی تھی جس میں 7 اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔
زامران بم حملے کی ذمہ داری بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیم بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کرلی ہے، جبکہ جھاؤ حملے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی۔