کوئٹہ سول سیکرٹریٹ پر ممکنہ حملے کا خدشہ، تھریٹ الرٹ جاری

185

بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں سول سیکرٹریٹ پر ممکنہ دہشت گرد حملے کے پیش نظر محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن نے تھریٹ الرٹ جاری کردیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق سرکاری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر سکتے ہیں، جس کے باعث متعلقہ اداروں اور اہلکاروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حملہ آور تین سنگل کیبن سرکاری گاڑیوں کا استعمال کر سکتے ہیں، جن میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کی وردی میں ملبوس افراد شامل ہوں گے۔ اس تناظر میں سول سیکرٹریٹ کے داخلی و خارجی راستوں پر تعینات سکیورٹی اہلکاروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ ہر آنے جانے والی گاڑی کو تفصیل سے چیک کیا جائے۔

اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ سیکورٹی پر مامور افسران اپنے تمام ماتحت ملازمین کو ہائی الرٹ رکھیں، جبکہ سیکرٹریٹ میں داخل ہونے والے ہر شخص کی سخت جانچ پڑتال کی جائے۔ مین گیٹ اور ماسٹر پلان گیٹ پر تعینات اہلکاروں کو خصوصی طور پر ہدایت کی گئی ہے کہ وردی یا سول کپڑوں میں آنے والے تمام ملازمین کے سروس کارڈز چیک کیے جائیں۔

مزید برآں، اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کسی بھی سویلین کو تسلی بخش چیکنگ کے بغیر اندر داخل نہ ہونے دیا جائے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تمام احتیاطی تدابیر صرف اور صرف سرکاری اداروں اور ملازمین کی جانوں کے تحفظ کے پیش نظر اپنائی جا رہی ہیں۔

سول سیکرٹریٹ بلوچستان حکومت کا اہم انتظامی مرکز ہے جہاں وزراء اور اعلیٰ حکام کے دفاتر قائم ہیں۔