ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے ضلع میں بین الاضلاعی اور بین الصوبائی بس سروسز کے لیے نئے اوقاتِ روانگی اور کٹ آف ٹائم کے حوالے سے ہدایات جاری کر دی ہیں۔
نئے نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی سے تربت آنے والی بسیں صرف صبح 4:00 بجے سے دوپہر 1:00 بجے کے درمیان اوتھل زیرو پوائنٹ سے روانہ ہو سکیں گی۔ اس مقررہ وقت کے بعد کوئی بھی بس اوتھل سے تربت کی جانب روانہ نہیں ہو سکے گی۔ اسی طرح تربت سے کراچی جانے والی بسیں بھی صرف صبح 4:00 بجے سے دوپہر 1:00 بجے کے دوران تلار سے روانہ ہو سکیں گی، جبکہ اس وقت کے بعد روانگی پر مکمل پابندی ہوگی۔
مزید برآں، کراچی سے تربت آنے والی بسوں کے لیے تلار چیک پوسٹ پر شام 6:00 بجے کٹ آف ٹائم مقرر کیا گیا ہے، جس کے بعد کوئی بھی بس اس مقام سے آگے نہیں بڑھ سکے گی۔
اسی طرح کوئٹہ سے تربت آنے والی بسوں کے لیے ہوشاب زیرو پوائنٹ پر شام 6:00 بجے کے بعد بسوں کو آگے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ کوئٹہ سے گوادر جانے والی بسوں کے لیے بھی ہوشاب زیرو پوائنٹ پر شام 5:00 بجے کٹ آف ٹائم مقرر کیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر بشیر احمد بڑیچ نے کہا ہے کہ ان قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے تمام بس آپریٹرز کو ہدایت کی کہ وہ ان ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔