کیچ، دالبندین مسلح حملے: پاکستانی فورسز کی راشن سپلائی، معدنیات گاڑیاں اور یوفون ٹاور تباہ

107

مسلح افراد نے پاکستانی فیلڈ مارشل کے علاقے کے دؤرے کے دوران مواصلاتی ٹاور کو حملے میں تباہ کیا جبکہ راشن لے جانے والی بھی حملے کا نشانہ۔ 

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع کیچ میں نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے دو مختلف حملوں میں پاکستانی فورسز کی راشن لے جانے والی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جبکہ ایک مواصلاتی کمپنی یوفون کا ٹاور بھی تباہ کردیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق کیچ کے علاقے بلیدہ میں نامعلوم مسلح افراد نے راشن لے جانے والی فورسز کی گاڑی پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور اس میں موجود راشن بھی جل کر خاکستر ہو گیا۔ 

حملہ آور حملے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، دوسری جانب دشت سُلاّئی کے مقام پر ایم 8 شاہراہ کے قریب یوفون نیٹ ورک کے ٹاور کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

علاقائی ذرائع کے مطابق تین موٹر سائیکلوں پر سوار چھ کے قریب مسلح افراد نے ناکہ بندی کے بعد ٹاور پر دھماکہ خیز مواد نصب کیا، جس سے نہ صرف ٹاور تباہ ہوا بلکہ اس میں نصب مشینری کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

تاحال کسی تنظیم نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے، تاہم علاقے میں بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیموں کی موجودگی اور ان کی جانب سے پاکستانی فورسز پر حملوں کے واقعات پیش آتے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ آج ہی کے دن پاکستان آرمی کے چیف جنرل عاصم منیر تربت کے دورے پر موجود ہیں جس کے باعث علاقے میں سیکیورٹی انتہائی سخت اور فضائی نگرانی بھی جاری ہے۔

دریں اثناء بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے دالبندین میں مسلح افراد نے معدنیات لیجانے والی دو گاڑیوں کو روکنے کے بعد  نذر آتش کردیا ہے، جس میں گاڑیاں تباہ ہو گئی۔