پنجاب کے افسر نے بلوچستان کے آئی جی پولیس کا عہدہ قبول کرنے سے انکار کر دیا

156

بلوچستان پولیس کے انسپکٹر جنرل (آئی جی) معظم جاہ کی مجوزہ ریٹائرمنٹ سے قبل، وفاقی حکومت نے ان کی جگہ پنجاب کے ایڈیشنل آئی جی کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)، وسیم سیال کو بلوچستان کا نیا پولیس سربراہ مقرر کرنے کی پیشکش کی تھی۔ تاہم، سینئر پولیس افسر نے یہ پیشکش مسترد کرتے ہوئے پنجاب میں ہی اپنی خدمات جاری رکھنے کو ترجیح دی ہے۔

معظم جاہ، جو گریڈ 22 کے افسر ہیں، ریٹائر ہو رہے ہیں۔ ان کے بعد نئے آئی جی کی تعیناتی کے لیے وسیم سیال کا نام سامنے آیا، جنہیں انسداد دہشت گردی کے شعبے میں خاصا تجربہ حاصل ہے اور انہیں شورش زدہ بلوچستان میں سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ایک موزوں امیدوار تصور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق، وسیم سیال نے بلوچستان کا آئی جی بننے سے انکار کرتے ہوئے لاہور میں کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (CCPO) کا عہدہ حاصل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ پنجاب پولیس کے ڈھانچے میں یہ عہدہ آئی جی کے بعد سب سے اہم سمجھا جاتا ہے۔

وفاقی اور صوبائی سطح پر اس فیصلے کو دلچسپی سے دیکھا جا رہا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب بلوچستان غیر یقینی کا شکار ہے اور اعلیٰ قیادت کی فوری تعیناتی ناگزیر سمجھی جا رہی ہے۔